28 ستمبر ، 2022
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے بطور وفاقی وزیر کے حلف اٹھا لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر عارف علوی نے اسحاق ڈار سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ اسحاق ڈار دو روز قبل 5 سال بعد وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اسحاق ڈار کو ملکی معیشت کو بہتر کرنے اور روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان لندن میں ہونے والی ملاقات میں اسحاق ڈار کو مفتاح اسماعیل کی جگہ وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ ہوا تھا جس کے بعد مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ پارٹی قائد نواز شریف کو پیش کر دیا تھا۔