پاکستان
Time 28 ستمبر ، 2022

آڈیو لیکس: سلامتی کمیٹی نے تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی

اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے سربراہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ ہوں گے: ذرائع— فوٹو:فائل
اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے سربراہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ ہوں گے: ذرائع— فوٹو:فائل

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کیلئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزرا، سروسز چیف اور اعلیٰ سول وفوجی حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس نے آڈیو لیکس کے معاملے پر غور کیا اور حساس اداروں کے سربراہان کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سائبراسپیس اور اس سے متعلقہ دیگر پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش آڈیوز کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی سے متعلق بعض پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی اور ان کے تدارک کیلئے فول پروف انتظامات سے متعلق بتایاگیا۔

کمیٹی نے مشاورت کے بعد سائبرسکیورٹی سے متعلق’ لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے اور وزارت قانون وانصاف کو سائبرسکیورٹی سے متعلق لیگل فریم ورک کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔

 کمیٹی نے آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی ہے جس کے سربراہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ ہوں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سائبر اسپیس کے پیش نظر سکیورٹی، سیفٹی اور سرکاری کمیونیکیشنز محفوظ بنانے کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں سلامتی کی موجودہ صورتحال اور سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس نے ملک میں سیلاب سے اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق 3 کروڑ 30 لاکھ متاثرین کی امداد، محفوظ مقامات پر منتقلی، متاثرین کو خوراک اور  علاج معالجے کی فراہمی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیلاب متاثرین کی مدد کے دوران بلوچستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا کہ قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔

سلامتی کمیٹی کا کہنا تھاکہ متاثرین کی امداد اور بحالی قومی ایجنڈے کے طورپر اولین ترجیح رہیگی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی گزشتہ دنوں آڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

مزید خبریں :