30 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے اگلے ماہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں اپنا بیسٹ دوں تو بھارتی بیٹرز مجھے آسانی سے نہیں کھیل سکیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں 6 رنز سے کامیابی کے بعد حارث رؤف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے کیلئے کافی خوش ہوں کیوں کہ وہ میلبرن میں کھیلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میلبرن میرا ہوم گراؤنڈ ہے کیوں کہ بگ بیش میں میلبرن اسٹار کی نمائندگی کرتا ہوں، مجھے وہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ ہے۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی سے بھارت کے خلاف بولنگ کی منصوبہ بندی کرنا شروع کردی ہے۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے حال ہی میں ایشیا کپ میں بھی بھارت کے خلاف 2 میچ کھیلے اور اب وہ 23 اکتوبر کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچز ہمیشہ ہائی پریشرہوتے ہیں، گزشتہ سال ہونے والے ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں کافی دباؤ میں تھا لیکن ایشیا کپ میں دومیچز میں مجھ پر کوئی پریشر نہیں تھا کیوں کہ مجھے معلوم تھا کہ مجھے اپنا بیسٹ دینا ہے۔