01 اکتوبر ، 2022
وفاقی وزیر احسن اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی سفیر کے غائب ہونے والے مراسلے کا پتا کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے وزارت داخلہ کو تحقیقات کی ہدایت کر دی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفیر کے مراسلے کی ایک کاپی وزارت خارجہ میں موجود ہے ، جو کاپی وزیراعظم ہاؤس میں وصول کی گئی وہ غائب ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ امریکا میں سابق صدر ٹرمپ کے گھر پر چھاپا اسی لیے مارا گیا کیوں کہ وہ سرکاری دستاویزات اٹھا کر لے گئے تھے۔
اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ عمران خان نے صرف سائفر سے نہیں کھیلا ، ان کی حرکت کی وجہ سے اب ہمارے سفیر کوئی بھی ٹیلی گرام بھیجنے سے ڈرنے لگے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ سفارتی سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس کے ریکارڈ سے غائب ہے اور سفارتی سائفر کو فراڈ، جعلسازی،’فیبری کیشن ‘ کے بعد چوری کرلیاگیا ہے۔