Time 02 اکتوبر ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی نے آڈیو لیکس کی ایف آئی اے سے تحقیقات کا فیصلہ مسترد کر دیا

سائفر کی تحقیقات پر حکومتی آمادگی درست قدم لیکن انصاف کا تقاضا ہے کہ تحقیقات سپریم کورٹ کا کمیشن کرے: فواد چوہدری۔ فوٹو فائل
سائفر کی تحقیقات پر حکومتی آمادگی درست قدم لیکن انصاف کا تقاضا ہے کہ تحقیقات سپریم کورٹ کا کمیشن کرے: فواد چوہدری۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف نے مبینہ دھمکی والے امریکی سائفر سے متعلق عمران خان کی آڈیو لیک کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذریعے تحقیقات کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے عمران خان کی آڈیو لیکس کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری کے فیصلے پر  ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ایک سازش کے تحت ہٹائی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سائفر کی تحقیقات پر حکومتی آمادگی درست سمت کی جانب ایک قدم ہے لیکن انصاف کا تقاضا ہے کہ تحقیقات ایف آئی اے کے بجائے سپریم کورٹ کا بنایا ہوا کمیشن کرے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے،  اسی طرح کا کمیشن آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے چاہیے۔

دوسری جانب فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا عمران خان کو گرفتار کرنا ان کی بہت بڑی بھول ہو گی، عمران خان کی آڈیو لیکس میں کوئی ایسی نئی بات نہیں، عمران خان نے صرف یہ خیال رکھا کہ کسی ملک سے تعلقات خراب نہ ہوں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا سائفر ایک حقیقت ہے جو ثابت ہو چکا ہے، ہمارا تو پہلے دن سے مطالبہ تھا کہ جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، ایف آئی اے کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہیں، سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن کے ذریعے سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

مزید خبریں :