Time 04 اکتوبر ، 2022
کاروبار

ایک ارب ڈالرز کے آئی فونز بھارت سے دیگر ممالک میں برآمد

آئی فون 14 / رائٹرز فوٹو
آئی فون 14 / رائٹرز فوٹو

ایپل کی جانب سے کافی عرصے سے بھارت میں آئی فونز کی پروڈکشن کی جارہی ہے مگر اب وہاں سے دیگر ممالک کے لیے ڈیوائسز کی برآمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اپریل سے اگست 2022 کے دوران ایپل نے بھارت سے ایک ارب ڈالرز کے آئی فونز دیگر ممالک میں برآمد کیے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں تیار کردہ بیشتر آئی فونز کو یورپ اور مشرق وسطیٰ بھیجا جاتا ہے اور امکان ہے کہ مارچ 2023 تک ڈھائی ارب ڈالرز کے فونز برآمد کیے جائیں گے۔

ایک سال کے دوران بھارت سے آئی فونز کی برآمد میں لگ بھگ دگنا اضافہ ہوا ہے۔

ایپل نے 2022 کے شروع میں آئی فون 13 سیریز کی پروڈکشن بھارت میں شروع کی تھی اور گزشتہ دنوں آئی فون 14 کی تیاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپریل سے اگست کے دوران آئی فون 11، 12 اور 13 ماڈلز کو بھارت سے دیگر ممالک میں برآمد کیا گیا۔

خیال رہے کہ امریکی کمپنی کی جانب سے چین پر انحصار کم کرتے ہوئے بھارت اور ویتنام میں ڈیوائسز کی پروڈکشن کو بڑھانے پر کام کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :