Time 23 ستمبر ، 2022
کاروبار

ایپل کا چین پر انحصار کم کرکے بھارت میں آئی فونز کی پروڈکشن بڑھانے کا فیصلہ

آئی فون 14 پرو / رائٹرز فوٹو
آئی فون 14 پرو / رائٹرز فوٹو

ایپل کی جانب سے کچھ سال سے بھارت اور ویتنام میں آئی فونز اور دیگر ڈیوائسز کو تیار کیا جا رہا ہے تاہم پروڈکشن کے لیے زیادہ انحصار چین پر کیا جاتا ہے۔

مگر اب امریکی کمپنی کی جانب سے چین پر انحصار کم کرتے ہوئے بھارت اور ویتنام میں ڈیوائسز کی پروڈکشن کو بڑھانے پر کام کیا جارہا ہے۔

جے پی مورگن کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے 2022 کے آخر تک آئی فون 14 سیریز کی 5 فیصد پروڈکشن بھارت میں کی جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2025 تک 25 فیصد آئی فونز بھارت میں تیار کیے جائیں گے۔

اسی طرح 2025 تک آئی پیڈ اور ایپل کی 20 فیصد، میک بک کی 5 فیصد اور ائیر پوڈز کی 65 فیصد پروڈکشن ویتنام میں کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے سپلائرز کو 2022 کی آخری سہ ماہی کے دوران آئی فون 14 ماڈلز کو بھارت میں تیار کرنے کا کہا گیا ہے۔

اس سے قبل نئے آئی فونز متعارف کرانے کے 6 سے 9 ماہ بعد ان کی پروڈکشن چین سے باہر کی جاتی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مستقبل قریب میں چین اور تائیوان میں آئی فونز کی پروڈکشن جاری رہے گی کیونکہ وہاں پروڈکشن کی لاگت کم ہے، مگر بتدریج دیگر ممالک میں پروڈکشن کو بڑھایا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھارت میں حالیہ برسوں کے دوران ایپل کے اہم سپلائرز فوکس کون اور Wistron نے کافی سرمایہ کاری کی ہے۔

فوکس کون کی آئی فون اسمبل کرنے والی فیکٹری میں اس وقت ہزاروں افراد کام کررہے ہیں۔

ایپل نے بھی بھارت میں گزشتہ 5 برسوں کے دوران سرمایہ کاری کو بڑھایا ہے اور اب وہاں ایک ایپل اسٹور کھولنے پر بھی کام ہورہا ہے۔

مزید خبریں :