Time 06 اکتوبر ، 2022
کھیل

پاکستان جونیئر لیگ پی ایس ایل کی طرح ایک اچھا پلیٹ فارم ثابت ہو گا، شعیب ملک

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

 پاکستان جونیئر لیگ( پی جےایل) کی ٹیم گوجرنوالا جائنٹس کے مینٹور اور سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کام کر کے مجھے اپنی فٹنس کا اندازہ ہو گا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ میں انڈر 19 کرکٹرز کے ساتھ بولنگ بیٹنگ اور فیلڈنگ کروں گا ،نیٹ پریکٹس کر کے میں اپنا بھی شوق پورا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پی جےایل کے آغاز پر بہت پرجوش ہوں، انڈر 19 کی سطح پر نوجوانوں کو سکھانے کا بہت موقع ملتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ جس سطح سے میں نے کھیلنا شروع کیا اب میں مینٹور شپ کر رہا ہوں۔

شعیب ملک نے کہا کہ پی جے ایل کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو کھیل سے آگاہی سکھاؤں گا، اپنے تجربے سے کھلاڑیوں سکھانا میرے لیے نیا کام نہیں ہے، میں نیٹ سیشنز کے دوران ہمیشہ ساتھی کھلاڑیوں کو سکھاتا ہوں۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ پی جے ایل پی ایس ایل کی طرح ایک اچھا پلیٹ فارم ثابت ہو گا ، انڈر 19 کی سطح سے بولرز کو آپ انٹرنیشنل لیول پر لا سکتے ہیں جبکہ بیٹرز اسپنرز اور وکٹ کیپرز کو ڈومیسٹک کرکٹ میں کم از کم دو سیزن کھیلنے چاہئیں۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ  پی جے ایل کا ایکسپوژر کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کی سطح پر کام آئے گا ، ہمارے دور میں ایکسپوژر نہیں تھا ان نوجوانوں کے اب اچھے کنٹریکٹس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو اسکلز بہتر بنانے کے علاوہ اپنی فٹنس بہتر بنانے کا موقع ملے گا، انہیں پتہ چلے گا کہ انہوں نے ری کوری کیسے کرنا ہے کیا کھانا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان جونیئر لیگ آج سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگی۔

مزید خبریں :