06 اکتوبر ، 2022
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا وقت آئے گا تو جو عمران خان کہیں گے وہ کریں گے۔
لندن میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ وزیرداخلہ پنجاب کے لانگ مارچ سے متعلق بیان کو نہ دیکھیں ، لانگ مارچ کے دوران رانا ثنا کو کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لندن میں نوازشریف سے ملنے کا شوق نہیں،مونس الہٰی کی فیملی سے ملنے آیا ہوں۔انہوں نے الزام لگایا کہ سیلاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کو ایک پیسہ نہیں دیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ منشیات کی روک تھام کی الگ فورس بنا رہے ہیں، جو اسکول ، کالجز میں بھی روک تھام کرے گی۔
واضح رہے کہ وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تو پنجاب حکومت اس کا حصہ نہیں بنے گی ۔ لانگ مارچ کے شرکا کو سہولیات بھی نہیں دی جائیں گی تاہم سکیورٹی مہیا کریں گے ۔