07 اکتوبر ، 2022
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے بھارت کے خلاف جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جیت سب کیلئے کافی اہم ہے۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف فتح کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا کہ ہم نے آج بہت اچھے طریقے سے میچ کو فنش کیا ،تھائی لینڈ سے ہار کے بعد سب نے سوچا کہ کیسے بہتر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت میں ہر کسی نے اپنا کردار ادا کیا،ندا ڈار نے شاندار بیٹنگ کی جس کی وجہ سے ہم نے اچھا ٹوٹل بنایا جبکہ بولنگ بھی کافی اچھی رہی اور فیلڈنگ میں بھی بہترین پرفارم کیا۔
کپتان پاکستان ٹیم کا کہنا تھا کہ ایمن انور کا ذکر کرنا چاہوں گی کہ اہم موقع پر بہت اچھی بولنگ کی، اسپنرز پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل رہے ہیں،کوشش کریں گے کہ اس مومینٹم کو دیگر میچز میں بھی جاری رکھیں۔
واضح رہے کہ جمعے کو ایشیا کپ ویمن ٹی ٹوئنٹی کے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 13 رنز سے شکست دی۔
پاکستان ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے ایشیا کپ میں گرین شرٹس کی جانب سے بھارت کے خلاف ویمن ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا اسکور بنا یا۔
انہوں نے 56 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی،اس سے قبل ویمن ٹی ٹوئنٹی میں کسی پاکستانی بیٹر کا سب سے بڑا اسکور 53 رنز تھا جو بسمہ معروف نے 2018 میں بنایا تھا۔