08 اکتوبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پلان کے مطابق بولنگ کی اور ٹیم کو کامیابی ملی، کوشش ہےکہ سینئر بولر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کروں۔
شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی غیر موجودگی میں حارث رؤف ان دنوں پاکستان ٹیم میں لیڈنگ بولرکا کردار ادا کر رہے ہیں اور انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں تین وکٹیں لیں۔
میچ کے بعد جیو نیوز کو دیےگئے انٹرویو میں حارث رؤف نےکہا کہ ورلڈکپ سے قبل سہہ فریقی سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے، پہلے میچ میں محمد رضوان نے اسکور کیا ،نیوزی لینڈ کے خلاف بابر اعظم نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور جس طرح شاداب کو اچانک نمبر چار پر بھیجا گیا اس نے ٹیم کا مزاج تبدیل کردیا اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ کوشش ہےکہ سینئر بولر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کروں اور ٹیم کا بوجھ سنبھالوں تاکہ ان کی کارکردگی سے ساتھی بولرز کو سہارا ملے جو ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہو۔
انہوں نےکہا کہ کپتان بابر اعظم جس طرح ان پر اعتماد کر رہے ہیں وہ بھی کوشش کرتے ہیں کہ ان کے اعتماد پر پورا اتروں، آج ہمارا پلان یہ ہی تھا کہ کیوی کھلاڑیوں کی وکٹیں بھی لیں اور اسکور بھی زیادہ نہ ہونے دیں جس کی وجہ سے لو اسکورنگ ہدف ملا جس سے بیٹرز کو آسانی ہوئی۔