11 اکتوبر ، 2022
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان ٹیم نیوز ی لینڈ کے خلاف برا کھیلی۔
تین ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان نیوزی لینڈ نے چوتھے میچ میں پاکستان کو مکمل آؤٹ کلاس کیا اور 9 وکٹوں سے شکست دی، اس میچ میں افتخار احمد نے 27 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
افتخار احمد نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہماری بیڈ لک رہی، یہ حقیقت ہے کہ ہم تینوں شعبوں میں برا کھیلے، ہمارے لیے برا دن رہا، ہم بیٹنگم، بولنگ اور فیلڈنگ میں اچھا نہیں کر سکے۔
انہوں کہا کہ جب ہم بیٹنگ کر رہے تھے تو اس وقت گیند پھنس کر آرہی تھی اور اسپن بھی ہو رہا تھا لیکن پروفیشنل کی حیثیت سے ہمیں کوئی معذرت پیش نہیں کرنی چاہیے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پہلے دو میچز ہم نے جیتے ہیں ان میچز میں کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہم پھر اب مل بیٹھیں گے اور اس سے اچھا کرنے کا پلان کریں گے اور اچھا کرنے کوشش ہو گی کیونکہ ہماری ٹیم اس سے اچھا کر سکتی ہے، آئندہ میچز میں بہتر کھیلیں گے اور جیتیں گے۔
مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان ٹاپ آرڈر میں اچھا کھیل رہے ہیں، ہمیں مڈل میں اپنا اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنا ہے، مڈل اوورز میں ہمارا اسٹرائیک ریٹ کم ہے، ہم اس کے اوپر مزید کام کریں گے۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ سے زیادہ باؤنڈریز ماریں گے تاکہ ہمارا ٹوٹل زیادہ ہو کیونکہ ہمارے پاس نمبر ون بولنگ ہے اس لیے ہم ٹوٹل کا دفاع کر سکتے ہیں۔