13 اکتوبر ، 2022
مائیکرو سافٹ نے چند نئے ٹولز مائیکرو سافٹ ایج، مائیکرو سافٹ 365 اور بنگ صارفین کے لیے متعارف کرائے ہیں تاکہ وہ ہر طرح کی تصاویر، ویڈیوز یا سوشل میڈیا پوسٹس تیار کرسکیں۔
مائیکرو سافٹ ڈیزائنر ایک گرافک ڈیزائن ایپ ہے جس میں اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرکے صارفین ڈیجیٹل پوسٹ کارڈز اور دیگر تصاویر تیار کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے ایک بیان میں بتایا کہ ڈیزائنر کے اندر آپ بس یہ وضاحت کریں کہ آپ کیسی تصویر دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ ایپ آپ کے لیے کچھ منفرد تیار کرنے کا کام کرے گی۔
یہ ٹول ایپ کے ساتھ ساتھ مائیکرو سافٹ ایج میں بھی متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ صارفین اپنے براؤزر سے کسی ایپ میں جائے بغیر سوشل میڈیا پوسٹس کے لیے تصاویر تیار کرسکیں۔
اسی طرح صارفین بنگ سرچ انجن میں امیج کریٹیر کو استعمال کرکے بھی تصاویر بناسکیں گے۔
وہاں بھی وہی اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جو ڈیزائنر میں صارفین کو دستیاب ہوگی۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے کلپ چیمپ نامی ویڈیو ایڈیٹنگ ٹول کو بھی آفس 365 suite کا حصہ بنایا جارہا ہے۔
کمپنی کے مطابق کلپ چیمپ سے آپ ویڈیو، ساؤنڈ اور ایفیکٹس کو آسانی سے اکٹھا کرسکیں گے۔
اس ٹول کو آن لائن یعنی براؤزر پر بھی مفت آزمایا جاسکتا ہے۔
کمپنی نے مائیکرو سافٹ Create ویب سائٹ بھی تیار کی ہے جہاں صارفین ویڈیوز، گرافکس اور دیگر تیار کرسکتے ہیں۔
وہاں ٹیمپلیٹس اور دیگر فیچرز دستیاب ہوں گے تاکہ کچھ نیا تیار کیا جاسکے۔
یہ سب فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں مکمل طورپر صارفین کو دستیاب ہوں گے۔