30 نومبر ، 2012
واشنگٹن …آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پیداوار میں کمی اورمہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان کو مستقبل میں بھی بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ پیداوار میں کمی،مہنگائی میں مسلسل اضافہ،اور بیرونی ادائیگیوں کا دباوٴ کے علاوہ بڑھتے ہوئے مالی خسارے کے خدشات سے بھی عالمی مالیاتی فنڈ نے آگاہ کردیا ہے۔آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ حالات میں بہتری کے لئے پاکستان کو آمدن اور اخراجات کے حوالے سے جامع اصلاحات کرنی ہوں گی۔ اس سلسلے میں حکومت کو آمدن میں اضافے کے لئے ترمیم شدہ سیلز ٹیکس متعارف کرانا ہوگا۔ آئی ایم ایف کے مطابق غیر منافع بخش حکومتی ادارے ملک کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر رہے ہیں۔ ان اداروں کی فوری طور پر تنظیم نو یا نجکاری ہونی چاہئے۔