20 اکتوبر ، 2022
بالی وڈ کے ہدایتکار اور بگ باس سیزن 16 کے امیدوار ساجد خان کی ایک پرانی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک انکشاف کیا۔
ان دنوں ساجد خان بگ باس شو میں ہیں اور بھارت میں کئی اداکاراؤں نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں شو سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تاہم ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران ساجد خان نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اور اداکارہ گوہر خان کافی عرصے تک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رشتے میں تھے اور دونوں کی ایک سال تک منگنی بھی قائم رہی۔
دوران انٹرویو ساجد خان نے اپنی منگنی ٹوٹنے کی وجہ بتاتے ہوئے اعتراف کیا کہ 'اس وقت میرا کردار اچھا نہیں تھا، میں لڑکیوں کے ساتھ باہر گھومتا پھرتا تھا اور ساتھ ہی گوہر سے جھوٹ بولتا تھا'۔
ڈائریکٹر نے کہا کہ 'یوں تو میں نے گوہر سے کبھی بدتمیزی نہیں کی لیکن میں ان کے ہوتے ہوئے ہر لڑکی سے محبت کا اظہار کر دیا کرتا تھا اور پھر اسے شادی کی پیشکش بھی کردیتا تھا'۔
انہوں نے یہ بھی کہا 'جس طرح کا میں ہوں اس حساب سے میری اب تک تقریباً 350 شادیاں ہونی چاہیے تھیں لیکن ایک بھی نہیں ہوئی، مجھے یقین ہے جن لڑکیوں کے ساتھ میں زندگی میں رہا وہ مجھے ضرور یاد کرتی ہوں گی اور ان میں سے کچھ گالیاں بھی دیتی ہوں گی'۔