Geo News
Geo News

Time 20 اکتوبر ، 2022
پاکستان

تعلیمی اداروں کو انتشار کا میدان بنانیوالوں کو شرم آنی چاہیے،مریم کی عمران خان پر تنقید

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزيب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے سرگودھا یونیورسٹی میں کیے گئے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو انتشار کا میدان بنانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس نے آٹا اور چینی پر ڈاکے ڈالے ہوں، اسے عوام کیسے وزیراعظم بنا دے ؟ 

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈد فتنے نے چار سال چور چور کا تماشہ لگا کر عوام کو بے روزگار اور ملک کو غریب اور کمزور کیا،عمران خان نے چار سال قانون کو یرغمال بنائے رکھا اور الزام ثابت نہ ہوا۔

واضح رہے کہ آج سرگودھا یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملک کو تباہ کرنا ہو تو اس پر چوروں کو مسلط کردیں اسے تباہ کرنے کے لیے کسی دشمن کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔

سرگودھا یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا جامعات فیوچر لیڈرز کی نرسریز ہوتی ہیں، گورنر پنجاب کوکس نے اجازت دی کہ پولیٹیکل لیڈرز کو طلبا کے سامنےخطاب سے روکے، انٹرنیشنل سیاستدان برطانیہ میں طلبا سے خطاب کرتے ہیں، آکسفورڈ یونیورسٹی میں برطانیہ کے سیاستدانوں کو ہی نہیں عالمی رہنماؤں کو بھی خطاب کی دعوت دی جاتی ہے، گورنر پنجاب، خدا کے واسطے ، ان چوروں کی بات نہ سنو جو اوپر بیٹھے ہیں۔