21 اکتوبر ، 2022
کروڑوں افراد ہارر فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہر سال ایسی متعدد فلموں کو ریلیز کیا جاتا ہے مگر ایسا بہت کم سننے میں آتا ہے کہ کسی فلم کو دیکھتے ہوئے لوگ دہشت سے بے ہوش یا سنیما سے بھاگنے سے مجبور ہوگئے۔
مگر ایک نئی ہالی وڈ ہارر فلم ٹیریفائر 2 کو دیکھنے والے متعدد افراد کے ساتھ ایسا ہوا۔
ایک قاتل جوکر کے گرد گھومنے والی یہ فلم 2016 کی اسی نام کی فلم کا دوسرا حصہ ہے۔
اس فلم میں خونریزی کے مناظر کو ایسے انداز سے عکسبند کیا گیا ہے کہ جن کو دیکھ کر سنیما میں موجود متعدد ناظرین باہر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
اسی طرح بے ہوش ہونے والوں یا قے کردینے والوں کی تعداد بھی کم نہیں۔
سنیما کے باہر لوگوں کو دی جانے والی طبی امداد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں اور اس کے نتیجے میں یہ ہارر فلموں کے مداحوں کی ہمت کا امتحان ثابت ہونے والی فلم قرار دی جارہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم بنانے والی ٹیم کو بھی اس صورتحال کا اندازہ تھا اور یہی وجہ ہے کہ اسکریننگ کے موقع پر قے کرنے والے بیگ ناظرین کو فراہم کیے گئے تھے۔
فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر ڈیمین لیون نے بتایا کہ 'مجھے لوگوں کو سنیما سے باہر بھاگتے دیکھنا پسند ہے کیونکہ یہ فلم سے دہشت زدہ ہونے کا اظہار کرتا ہے، مگر میں یہ نہیں چاہتا کہ لوگ بے ہوش ہو جائیں یا انہیں کوئی نقصان پہنچے'۔
واضح رہے کہ یہ فلم امریکا میں 6 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اس کا بجٹ محض ڈھائی لاکھ ڈالرز تھا مگر اب تک یہ 25 لاکھ ڈالرز سے زیادہ کما چکی ہے۔