22 اکتوبر ، 2022
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بات عمران خان کی نااہلی پر رُکے گی نہیں، عمران خان کو ابھی یہ بتانا ہے کہ تحائف خریدنے کے لیے پیسے آئے کہاں سے؟
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ جو پیسے آئے تھے وہ اس نے کہاں چھپائے، کیا ان پیسوں پر عمران خان نے ٹیکس دیا؟
انہوں نے کہا کہ اب امتحان سپریم کورٹ کا بھی ہو گا، اسی سپریم کورٹ نے ایک وزیراعظم کو اس سے بہت کم بات پر ڈی سیٹ کیا تھا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بطور نجی شہری اپنے بیٹے کی کمپنی سے فیس لینی تھی، جو انھوں نے نہیں لی، اس لیے اسے ظاہر بھی نہیں کیا، اس جرم میں نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا، انھیں اپیل کا حق بھی نہیں دیا گیا،
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اب سپریم کورٹ ہی بتا سکے گی کہ کیا نواز شریف کے لیے نظامِ انصاف دوسرا ہے؟