23 اکتوبر ، 2022
کیا آپ پرانے آئی فون کو استعمال کررہے ہیں تو بہتر ہے کہ اپنا فون یا آئی او ایس ورژن کو اپ ڈیٹ کرلیں، ورنہ واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
24 اکتوبر کے بعد آئی او ایس 10 اور 11 پر کام کرنے والے آئی فونز پر واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
ایپل نے ایک حالیہ اپ ڈیٹ میں صارفین کو آگاہ کیا کہ آئی او ایس 10 اور آئی او ایس 11 پر چلنے والے آئی فونز پر 24 اکتوبر سے واٹس ایپ سپورٹ ختم ہوجائے گی۔
اس مقبول میسجنگ ایپ کو استعمال کرنے کے لیے کمپنی نے آئی او ایس کو اپ ڈیٹ کرنے پر زور دیا ہے۔
WABetaInfo نے کچھ عرصے پہلے بتایا تھا کہ 24 اکتوبر سے آئی فون 5 اور 5 سی استعمال کرنے والے صارفین واٹس ایپ سپورٹ سے محروم ہوجائیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق آپریٹنگ سسٹم کے پرانے ورژن کے لیے سپورٹ ختم کرنے کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ مخصوص فیچرز پرانے سسٹم پر کام نہیں کرتے۔
واٹس ایپ نے اپنے ایف اے کیو پیج میں بتایا کہ جب کسی آپریٹنگ سسٹم کے لیے سپورٹ ختم کی جاتی ہے تو صارفین کو وقت سے پہلے آگاہ کیا جاتا ہے اور اپ گریڈ کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کیا جاتا ہے جس کے لیے ایسے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جو ایپل اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹمز سے مطابقت رکھتے ہوں۔
اینڈرائیڈ صارفین کو بھی واٹس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ 4.1 یا اس سے بعد کے آپریٹنگ سسٹم کی ضرورت ہوتی ہے۔
ویسے ابھی بھی زیادہ تر آئی فونز میں آئی او ایس 12 یا اس کے بعد کے ورژن موجود ہے مگر ایسے پرانے فونز کی تعداد بھی کم نہیں جن میں پرانے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کیا جارہا ہے۔
آئی فون 5 ایس، آئی فون 6 اور 6 ایس استعمال کرنے والے صارفین اپنے آئی او ایس ورژن کو اپ ڈیٹ کرکے واٹس ایپ کا استعمال جاری رکھ سکتے ہیں۔