واٹس ایپ کا بہترین متبادل ثابت ہونے والی ایپس

واٹس ایپ کی بہترین متبادل ایپس / فائل فوٹو
واٹس ایپ کی بہترین متبادل ایپس / فائل فوٹو

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے جس کی وجہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن اور دیگر فیچرز ہیں۔

مگر کسی وجہ سے واٹس ایپ سروس ڈاؤن ہوجائے تو پھر کیا کریں گے؟ جیسے 25 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ کی سروسز تقریباً دو گھنٹے معطل رہیں۔

اچھی بات یہ ہے کہ ایسی ایپس کی کمی نہیں جو واٹس ایپ کا اچھا متبادل ثابت ہوسکتی ہیں۔

ان ایپس میں واٹس ایپ جیسے متعدد فیچرز موجود ہیں اور ایسی ہی چند ایپس کے بارے میں جانیں۔

ٹیلیگرام

واٹس ایپ کے بعد ٹیلیگرام دوسری بڑی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے جس میں وائس، ویڈیو اور ٹیکسٹ چیٹ کے ساتھ مختلف سکیورٹی آپشنز موجود ہیں۔

اس ایپ میں وائس کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوتی ہیں جبکہ ٹیکسٹ چیٹ کے لیے سیکرٹ چیٹ موڈ کا آپشن اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فراہم کرتا ہے۔

البتہ عام ٹیکسٹ چیٹ کو واٹس ایپ جتنا تحفظ حاصل نہیں۔

یہ آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے بلکہ اسے واٹس ایپ کی طرح ویب براؤزر پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سگنل

اگر آپ واٹس ایپ کے ایسے متبادل کو تلاش کررہے ہیں جو سکیورٹی کو اولین ترجیح دیتا ہو تو سگنل بہترین انتخاب ہے۔

اس ایپ میں صارفین کی پرائیویسی کو اولین ترجیح دی جاتی ہے، وائس، ویڈیو اور ٹیکسٹ چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہیں۔

پرائیویسی کے شعبے میں کوئی بھی ایپ بمشکل ہی سگنل کو شکست دے سکتی ہے، کیونکہ یہ صارف کا ڈیٹا جمع نہیں کرتی جبکہ انکرپشن کے ساتھ اضافی آن اسکرین پرائیویسی آپشنز بھی فراہم کرتی ہے، جیسے نوٹیفکیشن پوپ اپ، چہرہ دھندلانے والے ٹولز اور خودبخود غائب ہوجانے والے پیغامات۔

البتہ اس میں اسٹیکرز یا جی آئی ایف جیسے فیچرز موجود نہیں۔

یہ ایپ آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے۔

فیس بک میسنجر

میٹا کی زیرملکیت یہ ایپ بھی واٹس ایپ کی طرح بہت زیادہ مقبول ہے اور صارفین کے لیے آئی فون، اینڈرائیڈ اور ویب پر مفت دستیاب ہے۔

اس میں وائس، ویڈیو اور ٹیکسٹ میسجنگ کے ساتھ ساتھ اسٹیکرز، جی آئی ایف اور دیگر ایسے متعدد فیچرز دستیاب ہیں جو واٹس ایپ میں بھی موجود ہیں اور ایسا کیوں نہ ہو دونوں ایک ہی کمپنی کی ایپس ہیں۔

مگر اس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر بائی ڈیفالٹ دستیاب نہیں البتہ کمپنی نے 2023 تک اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا وعدہ کیا ہے۔

اسکائپ

مائیکرو سافٹ کی اس ایپ میں ہمیشہ کاروباری اداروں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔

یہ فل فیچر کمیونیکیشن ایپ ہےجس سے وائس، ویڈیو اور ٹیکسٹ چیٹس کرنا ممکن ہے جبکہ فائلز کا تبادلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

ڈیسک ٹاپ پر اسکائپ میں ویڈیو اور وائس کالز کو ریکارڈ بھی کیا جاسکتا ہے۔

اسکائپ کی ایک خاص بات اس کے ایڈوانسڈ فیچرز ہیں جیسے رئیل ٹائم میں مختلف زبانوں کا ترجمہ کیا جاسکتا ہے جبکہ لینڈ لائن فونز پر کالز کرنا (یہ مفت نہیں) بھی ممکن ہے۔

وائبر

وائبر کسی زمانے میں مقبول ایپ تھی مگر اب یہ کافی پیچھے رہ گئی ہے۔

البتہ یہ موبائل فونز اور لینڈ لائن کالز کے لیے ایک اچھی ایپ ہے جبکہ ٹیکسٹ چیٹس کرنا بھی ممکن ہے۔

اس میں وائس، ویڈیو اور ٹیکسٹ چیٹ فیچرز موجود ہیں جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

گوگل چیٹ

اگر آپ گوگل سروسز استعمال کرتے ہیں تو گوگل چیٹ کو استعمال کرنا مشکل نہیں ہوگا کیونکہ یہ گوگل اور جی میل کانٹیکٹس سے منسلک ایپ ہے۔

اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب یہ ایپ فائل شیئرنگ ٹولز سے لیس ہے جبکہ گوگل ڈرائیو سے بھی منسلک ہے۔

میسجنگ کا آپشن تو اس میں موجود ہی ہے۔

آئی میسج

اگر آپ آئی فونز یا آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرتے ہیں تو آئی میسج واٹس ایپ کا بہترین متبادل ہے۔

درحقیقت اگر انٹرنیٹ سگنل ناقص ہوں تو آئی میسج خودکار طور پر پیغامات کو آف لائن ایس ایم ایس کے طور پر بھیجنے لگتی ہے۔

واٹس ایپ جیسے میسجنگ فیچرز اس میں دستیاب ہیں جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر بھی دیا گیا ہے۔

اس کا ڈیٹا خودکار طور پر آئی کلاؤڈ میں محفوظ ہوتا ہے تو بیک اپ کی پریشانی بھی نہیں رہتی۔

سلیک

یہ مقبول ورک پلیس چیٹ ایپ ہے اور زیادہ تر دفاتر میں ہی اسے استعمال کیا جاتا ہے۔

تو اگر آپ دفتری امور کے لیے واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو یہ اس کا اچھا متبادل ہے جبکہ فائل شیئرنگ کے فیچرز بھی اس میں موجود ہیں۔

مزید خبریں :