27 اکتوبر ، 2022
آلو بخارہ ہر موسم میں خشک حالت میں بھی دستیاب ہوتا ہے اور اس شکل میں بھی یہ پھل صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ایسا مانا جاتا ہے کہ یہ پھل ہاضمے کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے مگر یہ ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی 2 نئی طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آئی۔
پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔
درمیانی عمر کی 235 خواتین کو ان تحقیقی رپورٹس کا حصہ بنایا گیا تھا کیونکہ خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
پہلی تحقیق میں ورم اور ہڈیوں کی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ورم اور تکسیدی تناؤ ہڈیوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں، جیسے ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے۔
دوسری تحقیق میں خشک آلو بخارے کھانے کی عادت سے ہڈیوں پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اس مقصد کے لیے 4 گروپس بنائے گئے جن میں سے ایک کو اس پھل سے دور رکھا گیا، دوسرے گروپ کو روزانہ 5 سے 6 اور تیسرے گروپ کو روزانہ 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی۔
چوتھے گروپ میں شامل کچھ خواتین کو روزانہ 5 سے 6 جبکہ کچھ کو روزانہ 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی۔
محققین کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلوبخارے کھانے سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں معلوم ہوا تھا کہ خشک آلوبخارے کھانے سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور اب پھر اس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خشک آلوبخارے ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خشک آلوبخاروں میں متعدد وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کے لیے اہم ہوتے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ پھل ورم کا مقابلہ بھی کرتا ہے جس سے بھی ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق جاری رکھی جائے گی تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ یہ پھل ہڈیوں کی صحت کے لیے بہترین کیوں ہے۔