30 اکتوبر ، 2022
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پرتھ میں ہونے والے اس اہم میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر قومی کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
نیدرلینڈز کی اننگز:
نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اورنسیم شاہ نے ایک ایک، وسیم جونیئر نے دو جب کہ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹورنامنٹ کی پہلی وکٹ اوپنر اسٹیفن مائیبرگ کی صورت میں حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز:
پاکستان نے 92 رنز کا ہدف 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا، پاکستان کے کپتان بابر اعظم 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ محمد رضوان نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے جب کہ شان مسعود 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
نیدرلینڈزکے برینڈن گلوور دو اور پال وین میکارین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے آل راؤنڈر شاداب خان کو 'مین آف دی میچ' کا ایوارڈ دیا گیا، شاداب نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
نیدرلینڈز کےخلاف پلان سادا سا تھا: شاداب خان
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ نیدرلینڈز کےخلاف پلان سادا سا تھا،پچھلےمیچز میں گیم فنش نہیں کرسکے تھے آج اچھا فنش کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی نارمل بولنگ کی اور کامیابی ملی۔
اس کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی پر میں بہت خوش ہوں ، کھلاڑیوں نے پلانزکے مطابق پرفارم کیا۔
کپتان نے کہا کہ ہم اگلے میچز میں بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستانی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں یہ پہلی فتح ہے، اس سے قبل قومی ٹیم کو ابتدائی دو میچز میں بھارت اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب آج پاکستان میں ہوا اور بارش کا امکان ہے، پرتھ میں مقامی وقت کے مطابق دن دو سے چار بجے تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔