31 اکتوبر ، 2022
آئر لینڈ ویمن کرکٹ کی کپتان لورا ڈیلانی نے لاہور کے موسم کو چیلنج قرار دیا اور کہا ہے کہ امید ہے کہ ہم جلد موسم سے ہم آہنگ ہو جائیں گے۔
آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے جہاں ٹیم نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلنی ہے۔
آئرش کپتان لورا ڈیلانی نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان پہنچنے پر ہمارا بہت اچھا استقبال کیا گیا ، ہمارے پاس کوالٹی ٹیم کا ان کے ہوم گراؤنڈ پر مقابلہ کرنے کا اچھا موقع ہےہم جانتے ہیں کہ پاکستان کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمارے لیے مشکل ہو گا، لیکن ہمیں اس کی خوشی ہے کہ ہم پہلی آئرش ٹیم ہیں جو پاکستان آئی ہے۔
پاکستان ٹیم سے مقابلہ ہمارے لیے چیلنج ہوگا: لورا ڈیلانی
لورا ڈیلانی کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلنے کے منتظر ہیں ، پاکستان ٹیم سے مقابلہ ہمارے لیے چیلنج ہو گا۔
پاکستان کے موسم کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے لورا ڈیلانی کا کہنا تھا کہ یہاں کا موسم ہمارے لیے چیلنج ہے ، ڈبلن میں 8 سے10 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ہے ، بارش ہوتی رہتی ہے ، جب ہم ائیرپورٹ پہنچیں تو سارا راستہ بارش تھی ، اس لیے موسم میں یقینی طور پر بہت فرق ہے ۔
لورا ڈیلانی کے مطابق ستمبر کے آغاز میں ہم نے موسم کے اندازے کے لیے ابوظہبی کا دورہ کیا، آنے سے قبل آئر لینڈ میں زیادہ ٹمپریچر میں رہنے کی کوشش کی کئی لڑکیاں برصغیر پہلی مرتبہ آئی ہیں ، ان کے لیے سب نیا ہے ، جمعہ کو پہلا میچ ہے ، امید ہے کہ موسم سے ہم آہنگ ہو جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہہم یہاں مقامی کھانے کھانے کی منتظر ہیں ، امید ہے مزیدار ہوں گے ، کل سے اب تک ہمیں یہاں کھانا اچھا ملا ہے ، ہوٹل میں بھی اچھا کھانا تھا اور ڈریسنگ روم میں بھی لیکن ابھی مقامی کھانے کھانے ہیں۔