Time 02 نومبر ، 2022
کھیل

بھارت کی جیت کے بعد پاکستان سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

پاکستان اگر اپنے دونوں میچز جیت بھی جائے تو اسے جنوبی افریقا یا بھارت کی ان کے آخری میچز میں اپ سیٹ شکست درکار ہوگی— فوٹو: فائل
پاکستان اگر اپنے دونوں میچز جیت بھی جائے تو اسے جنوبی افریقا یا بھارت کی ان کے آخری میچز میں اپ سیٹ شکست درکار ہوگی— فوٹو: فائل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے خلاف بھارت کی جیت نے پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے چانسز کو مزید مشکل بنادیا۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 میں بھارت نے 4 میں سے 3 میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے تین میچز میں 5 پوائنٹس ہیں اور پاکستان ٹیم تین میچز میں 2 پوائنٹس ہی حاصل کرسکی ہے۔

پاکستان اپنا اگلا میچ جمعرات کو جنوبی افریقا سے سڈنی میں کھیلے گا اور اگر پاکستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو اس کے 4 میچز میں 4 پوائنٹس ہوجائیں گے جبکہ جنوبی افریقا کے 5 اور بھارت کے 6 پوائنٹس ہوں گے۔

گروپ کے آخری میچز اتوار کو ہوں گے جس میں جنوبی افریقا کی ٹیم نیدرلینڈز، بھارت کی ٹیم زمبابوے اور پاکستان کی ٹیم بنگلا دیش سے مقابلہ کرے گی، اگر ٹیموں کی اسٹرینتھ کو دیکھا جائے تو بھارت اور جنوبی افریقا کے کیلئے آخری میچز آسان ہیں اور اگر کوئی غیر متوقع نتیجہ نہ ہوا تو انڈیا کے 8 اور جنوبی افریقا کے 7 پوائنٹس ہوجائیں گے۔

ایسے میں پاکستان بنگلا دیش سے جیت بھی گیا تو اگلے راؤنڈ تک نہیں پہنچ پائے گا کیونکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہی رہے گی۔

اس صورتحال میں پاکستان کیلئے یہ ضروری ہے کہ بھارت یا جنوبی افریقا کو آخری میچ میں اپ سیٹ شکست ہو مگر اس سے پہلے سب سے ضروری یہ ہے کہ پاکستان اپنے دونوں میچز بھی جیتے۔

پاکستان کیلئے ایک صورتحال یہ بھی نکل سکتی ہے کہ جنوبی افریقا اور نیدرلینڈز کا میچ واش آؤٹ ہوجائے ایسی صورتحال میں پاکستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے مگر اس کیلئے پاکستان کا دونوں میچ جیتنا لازمی ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی پلیئنگ کنڈیشن کے مطابق اگر ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہوں تو اگلے مرحلے تک وہ ٹیم کوالیفائی کرے گی جس کی فتوحات زیادہ ہوگی، اگر پاکستان دونوں میچ جیت جاتا ہے تو اس کی فتوحات تین اور پھر نیدرلینڈ جنوبی افریقا کا میچ واش آؤٹ ہوتا ہے تو اس کی دو فتوحات اور دو واش آؤٹ ہوں گے، یوں پاکستان سیمی فائنل میں آجائے گا۔

ویسے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوارا کو ایڈیلیڈ میں موسم صاف ہی ہے یعنی بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں اور مکمل میچ ہی کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ آخری میچز تک اگر مگر کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ جمعرات کو پاکستان اپنا میچ جنوبی افریقا سے جیتے، اگر پاکستان جنوبی افریقا سے نہیں جیت پاتا تو پھر اگر مگر کا کھیل ہی نہیں رہ پائے گا۔

مزید خبریں :