05 نومبر ، 2022
نیروبی: جیونیوز نے کینیا میں قتل کیے جانے والے صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کرلی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ارشد شریف کی موت کی وجہ ایک سے زائد زخم کو قرار دیا گیا ہے جب کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ارشد شریف کے سر میں بائیں جانب سے گولی لگی جس سے دماغ میں زخم ہوا، دوسری گولی کمر کے اوپر کے حصے میں دائیں جانب لگی، ارشد شریف کو کمرکے اوپرلگنے والی گولی سینے کے دائیں جانب سے ہی نکل گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف کو لگنے والی دوسری گولی سے پھیپھڑے کو نقصان پہنچا، دونوں گولیاں درمیانی فاصلے سے جدید آتشیں اسلحہ سے چلائی گئیں۔
ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کرنے والی ٹیم نے مزید تحقیق کے لیے باڈی کے مختلف حصوں کے نمونے بھی حاصل کیے۔