06 نومبر ، 2022
اگر آپ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک چاہتے ہیں تو اب طویل فارم بھرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ایسا ماہانہ فیس سے ممکن ہونے والا ہے۔
ٹوئٹر صارفین بہت جلد اپنے اکاؤنٹس کو 8 ڈالرز (1700 پاکستانی روپے سے زائد) ماہانہ کی ادائیگی کرکے ویری فائی کراسکیں گے۔
اس سبسکرپشن سروس کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ٹوئٹر کی آئی او ایس ایپ میں کچھ صارفین کو اس تک رسائی دی گئی ہے۔
ٹوئٹر کی جانب سے اب تک اکاؤنٹس کو مفت ویری فائیڈ کیا جارہا تھا جس کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ یہ مستند اکاؤنٹ ہے۔
مگر ایلون مسک نے ویری فائیڈ اکاؤنٹس کے لیے یکم نومبر کو 8 ڈالرز کے سبسکرپشن پلان کا عندیہ دیا تھا۔
آئی او ایس ایپ میں کچھ صارفین کو یہ نوٹیفکیشن موصول ہوا ہے کہ وہ ماہانہ فیس کے عوض اپنے اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرسکتے ہیں۔
ٹوئٹر کے پراڈکٹ منیجر Esther Crawford کے مطابق نیا ٹوئٹر بلیو پلان ابھی تمام صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا مگر کچھ صارفین کو اس کے نوٹیفکیشن ملے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ماہانہ فیس کا پروگرام 7 نومبر سے شروع ہوسکتا ہے اور ایلون مسک نے کمپنی کے ملازمین کو یہ پروگرام لانچ کرنے کے لیے 7 نومبر تک کا وقت دیا ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے اکاؤنٹس ویری فائیڈ کرانے کا سابقہ اسٹرکچر ختم کردیا جائے گا۔
البتہ ابھی تک بلیو ٹک کے حصول کے حوالے سے ماہانہ فیس سے ہٹ کر نئے پروگرام کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
ایلون مسک نے 5 نومبر کو ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پیمنٹ سسٹم کی بنیاد پر اکاؤنٹ ویری فائی کرانا زیادہ مستند عمل ثابت ہوگا۔
آئی او ایس ایپ میں کی جانے والی اپ ڈیٹ میں عندیہ دیا گیا ہے کہ ٹوئٹر بلیو کا نیا پلان سب سے پہلے کینیڈا، آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، برطانیہ اور امریکا میں متعارف کرایا جائے گا، جس کے بعد دنیا بھر میں صارفین کے لیے اسے پیش کیا جائے گا۔