Time 07 نومبر ، 2022
کھیل

سری لنکن بورڈ نے زیادتی کے الزام میں گرفتار کرکٹر کو معطل کردیا

کسی بھی سلیکشن کے لیے دنوشکا گونا تھیلاکا کو زیر غور نہیں لایا جائے گا: سری لنکن کرکٹ بورڈ—فوٹو: فائل
کسی بھی سلیکشن کے لیے دنوشکا گونا تھیلاکا کو زیر غور نہیں لایا جائے گا: سری لنکن کرکٹ بورڈ—فوٹو: فائل

سری لنکن کرکٹ بورڈ  نے زیادتی کے الزام کے بعد دنوشکا گونا تھیلاکا کو ہر طرز کی کرکٹ سے معطل کر دیا۔

سری لنکا کرکٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے دنوشکا کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کرکٹ کا کہنا ہے کہ زیادتی کے الزام میں سڈنی میں گرفتار کیے گئے دنوشکا گونا تھیلاکا کو ہر طرز کی کرکٹ سے فوری پر معطل کر دیا گیا ہے، کسی بھی سلیکشن کے لیے انہیں زیر غور نہیں لایا جائے گا ۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا کہ کرکٹ سری لنکا تمام معاملے کی انکوائری کرے گا، انکوائری کورٹس کیس کے اختتام پر ہوگی، قصور وار قرار پانے پر کرکٹر کو سزا سنائی جائے گی۔

سری لنکا کرکٹ نے یہ بھی کہا کہ ایسے رویے کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی ہے، واقعے کی تحقیقات کے لیے آسٹریلوی حکام سے تعاون کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹر کو زیادتی کے الزام میں 2 روز پہلے سڈنی میں گرفتار کیا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کی ایک 29 سالہ خاتون نے سری لنکن بیٹر پر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا جس کی پولیس تفتیش کر رہی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق خاتون کا کچھ دن قبل ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے کرکٹر سے رابطہ ہوا تھا، خاتون نے الزام لگایا کہ 2 نومبر کو دنوشکا گوناتھیلاکا نے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

مزید خبریں :