ٹوئٹر کا بہترین متبادل ثابت ہونے والے سوشل میڈیا نیٹ ورکس

ان میں سے کچھ سروسز بیٹا فیز سے گزر رہی ہیں / فائل فوٹو
ان میں سے کچھ سروسز بیٹا فیز سے گزر رہی ہیں / فائل فوٹو

ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر میں بہت تیز ی سے کافی کچھ تبدیل کیا جارہا ہے۔

بڑے پیمانے پر ملازمین کی چھانٹی، بلیو ٹک اکاؤنٹس کے سسٹم میں تبدیلی اور دیگر، جس کے باعث متعدد صارفین اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو چھوڑ کر متبادل سروسز کا رخ کررہے ہیں۔

یہاں تک کہ معروف شخصیات بھی ٹوئٹر کو الوداع کہہ رہی ہیں جیسے اداکارہ ایمبر ہرڈ اور ماڈل جی جی حدید نے ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیے ہیں۔

تو اگر آپ بھی ٹوئٹر کے کسی متبادل کا رخ کرنا چاہتے ہیں تو چند سروسز کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

Mastodon

یہ کسی حد تک ٹوئٹر جیسا ہی سوشل نیٹ ورک ہے جو 2016 سے موجود ہے مگر حالیہ مہینوں میں اسے کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

ٹوئٹر کی طرح اس پر لوگوں کو ٹیگ کیا جاسکتا ہے، میڈیا فائلز شیئر اور دیگر اکاؤنٹس کو فالو کیا جاسکتا ہے۔

مگر اس میں کسی ادارے، فرد یا گروپ کے سرورز کو ہی جوائن کیا جاسکتا ہے، درحقیقت متعدد سرورز کو جوائن کرنا ممکن ہے یا اپنا سرور بھی بناسکتے ہیں۔

یہاں آپ 500 حروف پر مشتمل پوسٹ کرسکتے ہیں جبکہ ہیش ٹیگ کا استعمال بھی ممکن ہے۔

یہ سوشل نیٹ ورک آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر دستیاب ہے جبکہ ڈیسک ٹاپ پر بھی سائن اپ کیا جاسکتا ہے۔

ریڈیٹ

یہ ایک معروف سوشل میڈیا نیٹ ورک ہے جو کافی عرصے سے کام کررہا ہے۔

یہ ویب سائٹ میسج بورڈ پر مشتمل ہے اور ٹوئٹر فیڈ سے کافی مختف ہے۔

ریڈیٹ میں متعدد سب گروپس موجود ہیں اور صارف اپنی دلچسپی کے کسی بھی گروپ کا حصہ بن کر لوگوں سے بات کرسکتا ہے۔

سب گروپس کے اپنے قوانین ہیں جن کی خلاف ورزی پر گروپ سے باہر نکالا جاسکتا ہے۔

کو ہوسٹ

یہ ایک نیا سوشل نیٹ ورک ہے جو ابھی بیٹا فیز سے گزر رہا ہے، مگر ہر فرد اس کا حصہ بن سکتا ہے۔

البتہ اگر کسی رکن نے جوائن کرنے کے لیے مدعو نہیں کیا تو سائن اپ کے بعد ایک یا 2 دن انتظار کرنا ہوگا۔

ٹوئٹر کی طرح یہاں بھی آپ دیگر افراد کی پوسٹس کو فالو کرسکتے ہیں مگر یہاں پوسٹس وقت کے مطابق نظر آتی ہیں اور الگورتھم استعمال نہیں ہوتا۔

اس میں پیجز مخصوص موضوع تک محدود ہوتے ہیں اور کسی پیج کو فالو کرنے کے لیے ریکوئسٹ کرنا ہوتی ہے۔

ڈبلیو ٹی سوشل

اس کا پورا نام وکی ٹربیون ہے اور اس کا یوزر انٹرفیس فیس بک سے کافی ملتا جلتا ہے، جہاں لوگوں یا ٹاپکس کو فالو کیا جاسکتا ہے۔

پوسٹس میں تصاویر یا ویڈیوز کو پوسٹ کرنا ممکن ہے، یہ سروس بھی اس وقت بیٹا فیز سے گزر رہی ہے۔

فیس بک

اگر آپ ٹوئٹر کے متبادل کو تلاش کررہے ہیں تو فیس بک تجویز کرنے کی ضرورت نہیں۔

فیس بک گھروالوں اور دوستوں سے رابطے میں رہنے کا اچھا ذریعہ ہے اور آپ کے جاننے والے متعدد افراد فیس بک استعمال کرتے ہوں گے تو ٹوئٹر کی کمی زیادہ محسوس نہیں ہوگی۔

بلیو اسکائی

یہ سوشل نیٹ ورک ابھی صارفین کے لیے متعارف نہیں ہوا مگر یہ خود ٹوئٹر کے فنڈز سے تیار کیا جارہا ہے، جسے ٹوئٹر کے بانی اور سابق سی ای او جیک ڈورسی نے لانچ کیا۔

یہ ابھی بیٹا فیز سے گزر رہا ہے اور اس نیٹ ورک کا دعویٰ ہے کہ یہ حکومتی اثر سے مکمل آزاد ہوگا۔

البتہ اس کو استعمال کرنے کے لیے چند ماہ تک انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔

مزید خبریں :