08 نومبر ، 2022
انسٹاگرام میں اب ایپ کے اندر پوسٹس کو شیڈول کرنا ممکن ہوگیا ہے۔
انسٹاگرام کی جانب سے شیڈولر نامی فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے جو بزنس اور کریئٹرز اکاؤنٹس کو دستیاب ہوگا۔
اس وقت انسٹاگرام میں پوسٹ شیڈول کرنے کے لیے میٹا کے کریئٹر اسٹوڈیو یا تھرڈ پارٹی سروسز کی مدد لینا پڑتی ہے۔
مگر اب کریئٹرز اور بزنس اکاؤنٹس ریلز اور تصاویر کو ایپ میں ہی 75 دن کے لیے شیڈول کرسکیں گے۔
اس فیچر کی آزمائش گزشتہ چند ہفتوں سے جاری تھی اور اب اسے متعارف کرایا گیا ہے، مگر اب بھی اسے محدود ہی خیال کیا جاسکتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اہل صارفین کو پوسٹ اپنے فالوورز سے شیئر کرنے سے قبل ایڈوانسڈ سیٹنگز میں جانا ہوگا۔
وہاں شیڈول پوسٹ کے آپشن پر کلک کرکے اپنی پسند کی تاریخ اور وقت کا تعین کرنا ہوگا۔
اس کے بعد واپس پوسٹ پر جائیں اور شیڈول پر کلک کریں۔
یہ پوسٹس شیڈولڈ کونٹینٹ سیکشن میں نظر آئیں گی جو مینیو میں چھپا ہوا ہوگا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر عام صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا یا نہیں کیونکہ کمپنی نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔