کھیل
Time 10 نومبر ، 2022

ویڈیو : شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی پہلی ملاقات کب اور کہاں ہوئی تھی؟

دو ملک ، دو کھلاڑی ، دو سپر اسٹارز، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کی خبر بھی اپنے وقت کی سب سے بڑی بریکنگ نیوز ثابت ہوئی تھی تاہم اب دونوں کی علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں جن کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کے دل آسٹریلیا میں ملے، رشتہ دبئی میں طے ہوا، نکاح بھارت میں ہوا اور ولیمہ پاکستان میں ہوا۔

جوڑے نے رہائش دبئی میں رکھی، پاک بھارت میڈيا نے شادی کی بھرپور کوریج کی، سیالکوٹ سے بارات لے کر شعیب ملک حیدر آباد دکن پہنچے تھے، جیو نیوز کی ٹیم بھی بارات کی کوریج کیلئے بھارت گئی۔

جیو نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اپنی پہلی ملاقات کا احوال بھی بتایا تھا۔

انٹرویو کے دوران جیو نیوز کے اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی نے ثانیہ مرزا سے سوال کیا کہ آپ دونوں کی پہلی ملاقات کب ہوئی؟ اس پر ثانیہ مرزا نے جواب دیا کہ ’پہلی ملاقات تو بہت پہلے ہوئی تھی، یہ لوگ میرے خیال سے کھیل رہے تھے انڈیا میں شاید 2005 کی بات ہے، میں اس وقت دلی میں فیڈریشن کپ کھیل رہی تھی۔‘

ثانیہ نے مزید بتایا کہ ’میں اور پاکستان ٹیم ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، میں نیچے جم میں سے نکل رہی تھی تو کسی صحافی نے ایک رسمی سے ملاقات کرائی تھی، اس کے بعد ہم تین چار سال نہیں ملے۔‘

میزبان کے اس سوال پر کہ انہوں نے کون سا ایسا شارٹ کھیلا تھا کہ ثانیہ ان کی بیوی بن گئیں، شعیب ملک نے کہا کہ ’کوئی ایسا شارٹ نہیں کھیلا، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں یہ بڑوں سے سنا ہے اور جب خود کی شادی ہوئی تو پتہ بھی چل گیا، یہ نیچرل تھا، اللہ کو یہی منظور تھا۔‘