Time 11 نومبر ، 2022
کھیل

ہم 92 کے فائنل سے قبل خوفزدہ تھے، یہ لڑکے دلیر ہیں دباؤ نہیں لے رہے: رمیز راجہ

بھارت سے فائنل ہوتا تو بڑا فائنل ہوتا، انگلینڈ کی ٹیم سے ہم حال ہی میں ہوم سیریز کھیلے ہیں: رمیز راجہ فوٹو: جیو نیوز
بھارت سے فائنل ہوتا تو بڑا فائنل ہوتا، انگلینڈ کی ٹیم سے ہم حال ہی میں ہوم سیریز کھیلے ہیں: رمیز راجہ فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کےچیئرمین  رمیز راجہ نے کہا ہے کہ 1992 کے فائنل سے قبل ہم تھوڑا خوف زدہ تھے لیکن یہ لڑکے دلیر ہیں دباؤ نہیں لے رہے۔

چیئرمین پی سی بی  ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے میلبرن پہنچ گئے ہیں، گراؤنڈ پہنچ کر  انہوں نے پاکستانی ٹیم سے ملاقات کی۔

اس موقع پر  میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ٹیم نے بہت محنت  کی ہے اور کچھ کام نیدرلینڈز نے بھی کیا لیکن جس ٹیم کی نیت ٹھیک ہوتی ہے قدرت بھی ساتھ دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے فائنل ہوتا تو بڑا فائنل ہوتا، انگلینڈ کی ٹیم سے ہم حال ہی میں ہوم سیریز کھیلے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، مشکل صورتحال میں بھی پاکستان ٹیم ایک بن کر رہی، اس ٹیم سے فینز کو بہت امیدیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1992 کا فائنل جیتنے کے بعد گراؤنڈ نہیں گیا، 30 سال بعد آج گراؤنڈ دیکھوں گا۔

رمیز راجہ نے مزیدکہا کہ ورلڈ کپ روانگی سے قبل کہا تھا کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے، پی سی بی میں میرے اس بیان کو اچھا نہیں سمجھا گیا تھا، لیکن ٹیم کو خواب دیکھنے ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم اور رضوان کے حوالے سے اتنے واٹس ایپ آئے کہ انہیں تبدیل کریں، یہ نمبر ون جوڑی ہے اس کو توڑنا نہیں چاہیے، کارکردگی اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، میں نے ایک کام کیا کہ اس ٹیم سے پنگا نہیں لیا۔

انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر ان کے ساتھ 1992 کی یادیں شیئر کیں، 1992 کے کپتان عمران خان کی تقریر بھی دہرائی، کھلاڑیوں کو یہ ہی کہا ہے کہ یہ موقع پھر نہیں آنا، گراؤنڈ میں اپنا سو فیصد دیں۔ 

رمیز  راجہ نے بتایا کہ بابر اعظم سمیت ہر کھلاڑی کو کہا ہے کہ زندگی میں ایسے موقعے کم ملتے ہیں، ورلڈ کپ جیتنے کا اس سے بہترین موقع نہیں ملے گا۔

رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹی وی شو دیکھتا نہیں ہوں لیکن علم ہوجاتا ہے، تنقید کو مثبت لیتا ہوں، تنقید کریں لیکن ہاتھ ذرا ہولا رکھیں، سب کی اپنی رائے ہے جس کی عزت کرتا ہوں لیکن ایجنڈا بیسڈ شو یا رائے نہیں ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :