Time 16 نومبر ، 2022
دلچسپ و عجیب

کیا آپ کو چپس کے پیکٹ ہمیشہ آدھے خالی ہونے کی وجہ معلوم ہے؟

کیا آپ کو یہ وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو
کیا آپ کو یہ وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو

اگر آپ چپس کھانا پسند کرتے ہیں تو جب بھی آپ پیکٹ کو کھولیں گے، چپس کی مقدار ہمیشہ آدھی ہوگی۔

یہ تجربہ کافی مایوس کن محسوس ہوتا ہے اور اکثر یہ خیال ذہن میں ابھرتا ہے کہ اتنے بڑے پیکٹ میں اتنے کم چپس بھرنے کی وجہ کیا ہے؟

درحقیقت ایسا ایک خاص وجہ سے کیا جاتا ہے اور کمپنیوں کی جانب سے آپ کو دھوکا نہیں دیا جارہا ہوتا یا کم از کم ان کا تو یہی کہنا ہے۔

پیکٹ کو آدھا خالی رکھنے کی وجہ

اس طرح کے آدھے خالی پیکٹ کے لیے سلیک فل (slack fill) کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے جس کا مطلب کسی پراڈکٹ کو دانستہ طور پر خالی رکھنا ہے۔

اس خالی جگہ کا مقصد بنیادی طور پر چپس کی زندگی کو بڑھانا اور فیکٹری سے آپ کے ہاتھ تک پہنچنے کے سفر کے دوران انہیں ٹکڑے ہونے سے بچانا ہوتا ہے۔

اگر پیکٹ کو آدھا خالی نہ رکھا جائے تو زیادہ امکان یہی ہے کہ آپ کے پاس پہنچنے والے چپس چورے کی شکل میں نظر آئیں گے۔

مگر بات یہی تک محدود نہیں

اگر آپ کا خیال ہے کہ چپس کے پیکٹ میں ہوا بھری ہوتی ہے تو یہ غلط ہے۔

درحقیقت اس مقصد کے لیے نائٹروجن گیس کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ چپس فریش رہ سکیں۔

اگر پیکٹ میں عام ہوا (آکسیجن) بھری جائے تو چپس بہت جلد نمی سے خراب ہوجائیں گے جس کا تجربہ آپ خود بھی کرسکتے ہیں۔

بس پیکٹ کھولنے کے ایک دن بعد چپس کھا کر دیکھیں ذائقے کا فرق معلوم ہوجائے گا۔

نائٹروجن ایک قدرتی گیس ہے جو انسانی صحت کے لیے مکمل طور پر بے ضرر ہے۔

1994 میں ایک تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے دریافت کیا تھا کہ نائٹروجن سے نہ صرف چپس کی زندگی بڑھتی ہے بلکہ ان کا ذائقہ بھی بہتر ہوتا ہے۔

نائٹروجن گیس سے پیکٹ میں نمی ختم ہوجاتی ہے اور چپس نرم نہیں ہوتے بلکہ کرکرے ہی رہتے ہیں۔

اسی طرح نائٹروجن گیس جراثیموں کی روک تھام بھی کرتی ہے۔

آکسیجن گیس میں بیکٹریا کی افزائش ہوتی ہے اور نائٹروجن انہیں بڑھنے سے روکتی ہے بلکہ خاتمہ کردیتی ہے۔

مزید خبریں :