پاکستان
Time 17 نومبر ، 2022

14 روز بعد عمران خان پر حملےکے ملزم کو عدالت میں پیش کردیا گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور: وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر حملہ کیس کے ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

واقعےکی تفتیش کے لیے قائم  جے آئی ٹی نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا، ملزم کو واقعے کے14 روز بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نویدکو 3 نومبرکو جائے وقوعہ سےگرفتار کیا گیا تھا، واقعےکی ایف آئی آر 7 نومبر کو درج کی گئی تھی۔

جج نے زیرحراست ملزم کو کئی روز تاخیر سے پیش کرنے پربرہمی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ ملزم کو تاخیر سے عدالت میں پیش کرنےکی تحقیقات کی جائیں، جےآئی ٹی سربراہ ملزم کی عدالت میں پیشی میں تاخیرکا تعین کریں۔

عدالت نے ملزم کو 29 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے جے آئی ٹی کے سربراہ سے جواب طلب کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم سے عمران خان پر حملےکے معاملے پر مزید تفتیش کی جائےگی۔

یاد رہےکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لانگ مارچ کے دوران 3 نومبر کو وزیر آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔


مزید خبریں :