Time 18 نومبر ، 2022
کھیل

قطر کے شراب سے متعلق سخت قوانین، فیفا بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور

قطر کے شراب سے متعلق سخت قوانین، فیفا بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور

قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کے دوران اسٹیڈیمز کے اندر یا اردگرد الکحل سے بنے مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد ہوگی۔

اس بات کی تصدیق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈکپ کے آغاز سے 2 دن پہلے کی ہے۔

فیفا کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ میزبان ملک کے حکام اور فیفا کے درمیان ہونے والی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ الکحل پر مبنی مشروبات کو اسٹیڈیمز کے اندر مخصوص حصوں میں فروخت نہیں کیا جائے گا۔

البتہ اسٹیڈیمز کے کارپوریٹ حصوں میں الکحل کو خریدنا ممکن ہوگا۔

اسی طرح فیفا فین فیسٹیول میں بھی الکحل کو خریدنا ممکن ہوگا۔

یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب فٹبال ورلڈکپ میں الکحل کی فروخت کے حوالے سے قطر اور فیفا کے درمیان کئی ماہ سے کشیدگی موجود تھی۔

اب قطری حکام نے فیفا کو اسٹیڈیمز کے اندر الکحل کی فروخت پر پابندی کے لیے مجبور کردیا ہے حالانکہ فٹبال کی عالمی تنظیم نے اس حوالے سے ایک بڑی کمپنی سے شراکت داری بھی کی ہوئی ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق فٹبال ورلڈکپ کے دوران 10 لاکھ افراد قطر آئیں گے۔

یہ پہلی بار ہے جب مشرق وسطیٰ کے کسی ملک میں فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد ہورہا ہے۔

فٹبال ورلڈکپ کا آغاز 20 نومبر کو میزبان ملک قطراور ایکواڈور کے درمیان میچ سے ہوگا۔

مزید خبریں :