کھیل
Time 19 نومبر ، 2022

پاکستان 2030کا فیفا ورلڈ کپ کھیل سکتا ہے: سابق کپتان قومی فٹبال ٹیم

کراچی: قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان محمد عیسیٰ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم 2030کا فیفا ورلڈ کپ کھیل سکتی ہے۔

 جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عیسیٰ خان کا کہنا تھا کہ ہمارے فٹبالرز کسی غیر ملکی کھلاڑی سے کم نہیں ہیں، پاکستان کی جانب سے فیفا کوالیفائنگ کھیل چکے ہیں، ٹیم میرٹ پر منتخب ہو تو  پاکستان میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ 2026 سے فیفا ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھ کر   48 ہو جائے گی جس میں قومی ٹیم  بھی ورلڈ کپ کھیل سکتی ہے۔

عیسیٰ خا ن کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک نے 2026 ورلڈ کپ کھیلنے کی مکمل تیاری کرلی ہے، جبکہ پاکستان میں فٹبال کو اپنے لوگوں نے نقصان پہنچایا ہے، نیپال کے خلاف پاکستان کا انٹرنیشنل میچ کھیلنا پیسےکا ضیاع تھا، پاکستانی نژاد غیرملکی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرکے قومی فٹبالرز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی، فیڈریشن کے معاملات ٹھیک ہونے کے ساتھ اسٹیک ہولڈرز کے اختلافات ختم ہونے چاہیں۔

واضح رہے کہ  عیسٰی خان پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں عیسٰی خان نے بھارت ، افغانستان، قيرغيزستان، مکاؤ، اومان، نیپال، چائنیز تائپے، متحدہ عرب امارات اور بھوٹان کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :