Time 20 نومبر ، 2022
کھیل

وہ چند ریکارڈز جو قطر ورلڈکپ کے دوران ٹوٹ سکتے ہیں

لیونل میسی / رائٹرز فوٹو
لیونل میسی / رائٹرز فوٹو

فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022 کا قطر میں آغاز ہوگیا ہے اور متعدد نئے ریکارڈز بھی بننے کے قریب ہیں۔

مختلف ٹیمیں اور کھلاڑی اس ورلڈکپ میں نئے ریکارڈز قائم کرسکتے ہیں۔

لیونل میسی، کرسٹیانو لیونارڈو اور دیگر کئی کھلاڑیوں کے پاس اس ورلڈکپ میں ریکارڈز بنانے کا موقع موجود ہے۔

لیونل میسی

لیونل میسی اس ورلڈکپ میں 2 نئے ریکارڈز بناسکتے ہیں۔

انہوں نے اب تک ماضی کے عالمی ایونٹس میں 19 مقابلوں میں شرکت کی ہے۔

ابھی ورلڈکپ کے سب سے زیادہ 25 میچز کھیلنے کا ریکارڈ جرمنی کے لوتھر میتھیوز کے پاس ہے۔

اگر ارجنٹینا فائنل میں پہنچتا ہے اور لیونل میسی تمام میچز کا حصہ بنتے ہیں تو وہ یہ ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

اسی طرح لیونل میسی ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گولز میں معاونت کا ریکارڈ بھی بناسکتے ہیں۔

ابھی یہ ریکارڈ برازیل کے فٹبالر پیلے اور لیونل میسی کے پاس مشترکہ طور پر ہے، دونوں کھلاڑیوں نے ناک آؤٹ میچز میں 4 گولز میں معاونت کی ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو

کرسٹیانو رونالڈو اس وقت تاریخ کے ان 3 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو 4 مختلف ورلڈکپس میں گول کرچکے ہیں۔

رونالڈو کے علاوہ جرمنی کے Miroslav Klose اور Uwe Seeler ایسا کرچکے ہیں۔

اگر کرسٹیانو رونالڈو قطر میں کسی بھی میچ میں گول کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ 5 ورلڈکپس میں گول اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔

نیمار

نیمار نے اس وقت برازیل کے لیے کھیلتے ہوئے 75 گولز  اسکور کیے ہیں اور انہیں پیلے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 3 گولز کی ضرورت ہے، جس کے بعد وہ برازیل کے لیے سب سے زیادہ گولز کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

ارجنٹینا

ارجنٹینا کے پاس سب سے زیادہ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بنانے کا موقع موجود ہے۔

ارجنٹینا کی ٹیم جولائی 2019 کے بعد سے 35 میچز میں ناقابل شکست رہی ہے۔

قطر میں گروپ مرحلے کے دوران بھی ارجنٹینا کی ٹیم کو کسی مقابلے میں شکست نہیں ہوئی تو یہ اٹلی کے 37 میچز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ توڑ دے گی۔

تھومس مولر

اس وقت ورلڈکپس میں سب سے زیادہ 16 گول اسکور کرنے کا ریکارڈ جرمنی کے Miroslav Klose کے نام ہے۔

اس ریکارڈ کے قریب اس وقت جرمنی کے تھومس مولر ہیں جو اب تک 10 گولز کرچکے ہیں۔

اگر وہ قطر میں مزید 7 گولز کرلیتے ہیں تو یہ ریکارڈ ان کے نام ہوجائے گا۔

انگلینڈ

اٹلی اور انگلینڈ کے پاس اس وقت ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 21 میچز برابر کرنے کا ریکارڈ موجود ہے۔

قطر میں ہونے والے ورلڈکپ میں اٹلی کی ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی تو انگلینڈ اگر ایک میچ بھی ڈرا کرلے تو انگلش ٹیم اس ریکارڈ کی تنہا مالک بن جائے گی۔

میکسیکو

یہ ریکارڈ ویسے تو کسی ٹیم کے لیے اچھا نہیں مگر ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ شکستوں کا ریکارڈ میکسیکو کے پاس ہے جسے 27 میچز میں شکست کا سامنا ہوا۔

زیادہ امکان یہی ہے کہ قطر میں میکسیکن ٹیم کی شکستوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا یا یوں کہہ لیں کہ ریکارڈ مزید 'بہتر' ہوجائے گا۔

مزید خبریں :