Time 21 نومبر ، 2022
پاکستان

گھڑی اسکینڈل: عمران خان کا جیو نیوز کیخلاف بیرون ممالک میں مقدمات دائر کرنے کا اعلان

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

سابق وزیر اعظم عمران خان نے جیو نیوز کے خلاف امریکا، برطانیہ اور دبئی میں مقدمات دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔

 رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا  کہ جیو نیوز گھڑی اسکینڈل پر ان کے خلاف خبریں چلا رہا ہے، پاکستانی عدالتوں میں انصاف نہیں مل سکتا، غیر ملکی عدالتوں سے انصاف مل جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جیو نیوز کے سینیئر اینکر شاہ زیب خانزادہ  اپنے شو میں عمران خان کی جانب سے بطور وزیراعظم توشہ خانہ کے تحفے فروخت کرنے والے یو اے ای میں مقیم پاکستانی عمر فاروق کو سامنے لائے تھے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں عمر فاروق نے بتایا تھا کہ انہیں عمران خان کے دور کے مشیر برائے احتساب نے انہیں فون کر کے بتایا کہ بہت قیمتی تحائف ہیں جو ہم فروخت کرنا چاہتے ہیں، یہ تحائف فرح جمیل کے ذریعے فروخت کیے گئے تھے۔

اس پر عمران خان نے سوشل میڈیا پر کہا  تھا کہ بس بہت ہوگیا!کل جیو اور خانزادہ نے سرپرستوں کی مدد سے ایک مشہورِ زمانہ دھوکے باز اور عالمی سطح پرمطلوب مجرم کی تراشی گئی بے بنیاد کہانی کے ذریعے مجھ پر بہتان تراشی کی۔

عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات پر شاہزیب خانزادہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس معاملے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ردعمل کے لیے بارہا کہا لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہ آیا، آج بھی عمران خان خود یا وہ جسے چاہیں ہمارے پروگرام میں بھیجیں ہم ان سے سوالات کریں گے اور وہ اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دیں، سب کچھ واضح ہو جائے گا۔

مزید خبریں :