Time 21 نومبر ، 2022
پاکستان

فرح گوگی کے وارنٹ گرفتاری کیلئے وزیر داخلہ کو درخواست دیدی ہے: عطا تارڑ

فرح گوگی جیل جائے گی توسب کچھ بولے گی، کیا کیا لیا تھا: معاون خصوصی وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو فائل
فرح گوگی جیل جائے گی توسب کچھ بولے گی، کیا کیا لیا تھا: معاون خصوصی وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو فائل

گوجرانوالہ: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ فرح گوگی کے وارنٹ گرفتاری کے لیے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو درخواست دیدی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا تھا پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو اگر انتقامی کارروائی کرنا چاہتا ہے تو بسم اللہ، اس وقت وزیراعلیٰ کے ایوان میں ان کے بیٹے نے رئیل اسٹیٹ کھولا ہوا ہے، آپ کو اور آپ کے بیٹے کو حرام کے مال کی لت پڑی ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ارب کی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں اور تزین و آرائش کی جا رہی ہے، آپ نے اپنے وزراء کی تنخواہیں 12 لاکھ روپے کر دی ہیں، آپ سرکاری خزانے کو بھی لوٹ رہے ہیں اور قبضے بھی کر رہے ہیں۔

ارشد شریف قتل اور عمران خان پر حملے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی قیادت پر الزام تراشی کرنے والے تسنیم حیدر سے متعلق سوال پر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تسنیم حیدر کو ترجمانی کا نوٹیفکیشن کس نے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا یہ شخص کہتا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی پلاننگ نواز شریف کے ساتھ بیٹھ کر ہوئی، پرویز الٰہی نے کل یہ ساری پلاننگ کروائی ہے، کوئی شخص کہہ دےکہ میں ارشد شریف قتل پلاننگ میں ملوث تھا، کیا یہ مان لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تسنیم حیدر کی اسد قیصر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ تصاویر ہیں، کیاتسنیم حیدر کو پی ٹی آئی کا ترجمان سمجھ لیا جائے، شکل سے لگتا بھی ہے، گھڑی چوری کیس سے نظر ہٹانے کے لیے تسنیم حیدر جیسے کردار کو لایا گیا۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی سے متعلق سوال پر رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا یہ جو اسٹوری آئی ہے کہ فرح گوگی دبئی نہیں گئی، میں اسے رد کرتا ہوں، فرح گوگی اپنے انکل کے ہیلی کاپٹر پر کئی دفعہ دبئی جا چکی ہے،

عطا تارڑ کا کہنا تھا گھڑی چوری کی تحقیقات چل رہی ہیں آپ کو حساب دینا ہو گا، فرح گوگی کے وارنٹ گرفتاری کے لیے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو درخواست دے دی ہے، فرح گوگی جیل جائے گی توسب کچھ بولے گی، کیا کیا لیا تھا۔

مزید خبریں :