دنیا
Time 21 نومبر ، 2022

فیفا ورلڈکپ: ملکی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے ایران کی ٹیم نے ترانہ نہیں پڑھا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

ایران میں زیر حراست لڑکی کی موت کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایران کی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں اپنا قومی ترانا نہیں پڑھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران میں جاری مظاہروں اور  مظاہرین کے خلاف حکومتی سکیورٹی فورسز کےکریک ڈاؤن پر ایرانی فٹبال ٹیم کے تمام 11 کھلاڑی میچ سے قبل اسٹیڈیم میں ایرانی ترانےکی دُھن پر احتجاجاً خاموش کھڑے رہے۔

قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں آج ایران کا پہلا میچ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انگلینڈ سے ہوا جس میں ایران کو 2-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ روز دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایرانی فٹبال ٹیم کےکپتان نے ایرانی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔

  ایرانی فٹبال ٹیم کےکپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی صورتحال اچھی نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے لوگ خوش ہیں، ہم یہاں ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمیں ان کی آواز نہیں بننی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ عوامی خواہشات کے مطابق چیزیں تبدیل ہوں گی اور سب خوش ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ  ایران میں زیر حراست لڑکی کی موت کے خلاف 17 ستمبر سے مظاہرے جاری ہیں۔

حجاب قانون کی خلاف ورزی پر 13 ستمبر کو گرفتار ہونے والی 22 سالہ مہسا امینی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبرکو انتقال کر گئی تھی۔

ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق 17ستمبرسےجاری مظاہروں میں 378 مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں جن میں47 بچے بھی شامل ہیں۔

 انسانی حقوق گروپ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں 15ہزار سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔

مزید خبریں :