دنیا
Time 22 نومبر ، 2022

اس خوبصورت یورپی قصبے میں رہائش پر آپ کو لاکھوں روپے دیے جائیں گے

Presicce کا ایک منظر / فوٹو بشکریہ Roberto Micoccio
Presicce کا ایک منظر / فوٹو بشکریہ Roberto Micoccio

اگر آپ نے اٹلی میں رہائش کا خواب دیکھا ہے تو یہ خواہش پوری ہوسکتی ہے بلکہ وہاں منتقل ہونے پر آپ کو لاکھوں روپے بھی مل سکتے ہیں۔

اٹلی کے قصبے Presicce میں آکر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو ( لگ بھگ 69 لاکھ پاکستانی روپے) دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

جنوبی اٹلی کے خطے پولیا میں واقع اس قصبے کو سٹی آف گرین گولڈ بھی کہا جاتا ہے جس کی وجہ وہاں زیتون کی کاشت ہے۔

اس قصبے میں آکر بسنے والے افراد کو گھر کی خریداری اور وہاں مستقل قیام کے لیے 30 ہزار یورو دیے جائیں گے۔

اس کی وجہ وہاں آبادی میں آنے والی کمی ہے جو اٹلی کے مختلف حصوں کا عام مسئلہ ہے۔

جیسے اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کی جانب سے وہاں آکر بسنے والے افراد کو 15 ہزار یورو دیے جارہے ہیں۔

Presicce کی اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے وہاں ایک گھر کو خریدنا اور وہاں کا مستقل رہائشی بننا ضروری ہوگا۔

30 ہزار یورو کی رقم سے گھر خریدنے کے ساتھ ساتھ اس کی تزئین نو بھی کرنا ہوگی۔

مقامی حکام کے مطابق اس قصبے میں متعدد گھر خالی ہیں جن کو ہم بستے دیکھنا چاہتے ہیں۔

اچھی بات یہ ہے کہ وہاں ایک مناسب گھر اوسطاً 25 ہزار یورو میں خریدنا ممکن ہے۔

اس حوالے سے ایک ویب سائٹ میں آنے والے ہفتوں میں مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

اس قصبے کی آبادی 9 ہزار کے قریب ہے اور اس میں اضافے سے زیادہ پبلک فنڈز مل سکیں گے۔

حکام کو توقع ہے کہ اس پروگرام سے قصبے کی رونق بحال ہوسکے گی۔

مزید خبریں :