کھیل
Time 22 نومبر ، 2022

'ہمارے لیے پریکٹس میچ ہے'، ارجنٹائن کی خاتون مداح کی میچ سے قبل دعوےکی ویڈیو وائرل

قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں سعودی عرب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 1-2 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا جس کے بعد سعودی شہریوں کی جانب سے خوب جشن منایا جارہا ہے۔

سعودی شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی اپنی ٹیم کی تاریخی کامیابی پر جشن منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں بے شمار پوسٹ کی جارہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر قطر میں موجود ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والی فٹبال کی ایک خاتون مداح کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جسے دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہےکہ کسی کو بھی ارجنٹائن کی شکست کی امید نہیں تھی اور یہ کتنا بڑا اپ سیٹ ہوا ہے۔

 میچ سے چند روز قبل ریکارڈ کی گئی مذکورہ وائرل ویڈیو میں خاتون مداح سے جب پوچھا گیا کہ  سعودی عرب اور ارجنٹائن میں سے کون جیتےگا؟ اس پر خاتون نے نہایت اعتماد سے جواب دیا کہ یقیناً ارجنٹائن، کیا آپ مذاق کر رہے ہیں، یہ میچ ہمارے لیے پریکٹس میچ کی طرح ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں خاتون کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن کی جانب سے 6 گول کیے جائیں گے، خاتون نے ان کھلاڑیوں کے نام بھی گنوائے جو گول کریں گے۔

 ویڈیو ریکارڈ کرنے والےکا کہنا تھا کہ میرے خیال میں سعودی عرب جیت جائےگا جس پر خاتون کا کہنا تھا کہ نہیں ایسا نہیں ہوسکتا، اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تاہم آج میچ میں ارجنٹائن کی شکست کے بعد صارفین نے خاتون کو آڑے ہاتھوں لیا، ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ فٹبال ہے، کسی کو بھی کمزور نہیں سمجھنا چاہیے۔

ایک صارف نے طنز کرتے ہوئےکہا کہ یہ ہوا ہے پریکٹس میچ میں۔


مزید خبریں :