23 نومبر ، 2022
فرانس کے صوبے شیمپین میں مچھلی پکڑنے کے دوران برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ماہی گیر نے دنیا کی سب سے بڑی گولڈ فش پکڑ لی جس کا وزن 30 کلو گرام ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شیمپین کی بلیو واٹر جھیل میں ورلڈ پریمئیر کریپ فیشریز کے دوران 42 سالہ ماہی گیر اینڈی ہیکیٹ نے گولڈ فش پکڑی جس کی ویڈیو 'بلیو واٹر لیکز' نے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مچھلی لیدر کارپ اور کوئی کارپ کی ایک ہائیبرڈ نسل ہے جس کا رنگ نارنجی ہوتا ہے۔
اسی وجہ سے ماہی گیر کی جانب سے اس بھاری بھرکم گولڈ فش کا دوسرا نام 'دی کیرٹ' رکھا گیا جس کا وزن 30 کلو گرام ہے۔
مقابلہ جیتنے کے بعد ماہی گیر اینڈی ہیکیٹ کا کہنا تھا کہ 'مجھے معلوم تھا کہ دی کیرٹ( پکڑی جانے والی مچھلی) یہیں موجود ہے لیکن کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں اسے پکڑوں گا'۔
ماہی گیر کے مطابق 'اس مچھلی کو پکڑنا شاندار رہا اور یہ خوش قسمتی بھی ہے‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مچھلی کو تلاش کرنے اور پکڑنے میں ماہی گیر کو 25 منٹس لگے۔
اس گولڈ فش کو دنیا کی سب سے بڑی مچھلی میں شمار کیا جارہا ہے جب کہ اس سے قبل 2019 میں امریکا سے تعلق رکھنے والے ماہی گیر نے دنیا کی سب سے بڑی مچھلی پکڑی تھی۔