23 نومبر ، 2022
قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں سعودی عرب سے اپ سیٹ شکست کے بعد ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا پہلا بیان سامنے آگیا۔
منگل کو فٹبال ورلڈکپ میں سعودی عرب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 1-2 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا۔
فیفا کی عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی ٹیم نے عالمی نمبر 3 ارجنٹائن کو ورلڈکپ میں 2 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔
اپ سیٹ شکست کے بعد ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کا کہنا تھا کہ 'یہ شکست بہت بھاری دھچکا تھا اور اس نے سخت دکھ دیا لیکن ہمیں خود پر اعتماد برقرار رکھنا چاہیے'۔
میسی نے کہا 'کھیل میں وہ 5 منٹ ہمارے لیے بھاری ثابت ہوئے، ہم نے سب بگاڑ دیا، گروپ میں ابھی پہلا میچ ہوا ہے، میکسیکو اور پولینڈ کے خلاف جیت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے'۔
سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ کھیل پر میسی نے کہا 'ہم جانتے تھے وہ ٹیم کیا ہے، اگر ہم اسے کھیلنے دیں گے تو وہ شاندار کھیل پیش کرے گی، مجھے اس گروپ کے ساتھ اتنا بڑا دھچکا کبھی نہیں لگا لیکن جو ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے، ہمیں اب جیتنا ہے'۔