24 نومبر ، 2022
پی ٹی آئی دھرنے کے معاملے پر وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے اسلام آباد کو اہم مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد کو اہم مقامات سے بند کرنے کا فیصلہ آئی جی اکبر ناصر خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر چٹھہ کے مطابق جمعرات کی شام سے فیض آباد،کورال چوک اور 26 نمبر چونگی سے داخلی راستے بند ہو جائیں گے، فیض آباد سمیت اہم داخلی راستوں پر 20 ہزار نفری لگائی جائے گی، پولیس کےساتھ ایف سی اوررینجرز اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
سہیل اختر چٹھہ کا کہنا ہے کہ فیض آباد کو چاروں اطراف سے کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا جائے گا، بھارہ کہو اور آزاد کشمیر سے آنے والوں کے لیے راول ڈیم چوک سے ترامڑی کے لیے راستہ کھلا ہو گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کنٹینرز لگانے کے لیے تمام ایس پیز اور ایس ڈی پیز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔