25 نومبر ، 2022
آل راؤنڈر کرکٹر شاداب خان نے اپنی شادی سے متعلق فاسٹ بولر حسن علی کی ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شاداب خان کی قومی کرکٹرز کے عشائیے سے ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ان کی شادی سے متعلق حسن اور بابر کے درمیان ہوئی گفتگو پر صحافی نے نائب کپتان سے سوال کیا کہ آپ کی شادی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں؟
اس کے جواب میں شاداب کا کہنا تھا کہ میری شادی کی تیاریاں کہاں ہورہی ہیں؟ دلہا میں ہوں نا، شاداب کے جواب پر صحافی نے انہیں بتایا کہ بابر اعظم اور حسن علی نے آپ کی شادی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
صحافی کی اطلاع پر شاداب نے جواباًکہا کہ بابر کی پہلے خود تو ہوجائے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ٹوئٹر پر ایک مداح نے بابر اور حسن علی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ 'برائے مہربانی مجھے بھی بتائیں آپ دونوں ایسی کیا باتیں کررہے ہیں جو بابر کے چہرے کے تاثرات ہی بدل گئے؟'
جس پر حسن نے جواب دیا تھا اور لکھا ' دراصل ہم دونوں شاداب کی شادی کے بارے میں بات کر رہے تھے اور بابر نے شاداب کی شادی کے بارے میں کہا کہ وہ تو نہیں ہونی'۔