27 نومبر ، 2022
بھارتی ریاست آسام کے ضلع چرائیدیوں کے دو مختلف اسکولوں کے 50 طالب علموں کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کیاگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلتھ ٹیم کی جانب سے اسکولوں کا دورہ کیا گیا تھا جس دوران طالب علموں میں آئی ایف اے(آئرن فولک ایسڈ) کی دوا تقسیم کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلتھ ٹیم نے ایک اسکول میں 75 طالب علموں جبکہ دوسرے اسکول کے دورے کے دوران 26 طالب علموں میں آئی ایف اے کی دوا تقسیم کی ۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے اسی حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں اسکولوں کے پہلے دو بچوں نے پیٹ میں شدید درد اور قے(الٹی) کی شکایت کی جس پر اسکول انتظامیہ نے طالب علموں کو فوری اسپتال منتقل کیا بعد ازاں 48 طالب علم بھی طبیعت بگڑنے پر اسپتال روانہ کیےگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول انتظامیہ نے مبینہ طور پر ہیتلھ ٹیم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلتھ ٹیم کی جانب سے دوا کھلانے کی مکمل ہدایت فراہم نہیں کی گئی تھی تاہم محکمہ ہیلتھ نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دوا اساتذہ کی موجودگی میں ہی تقسیم کی گئی تھی اور طالب علموں کو خالی پیٹ دوا کھانے سے گریز کرنے کا کہا گیا تھا۔