28 نومبر ، 2022
انگلش کرکٹ ٹیم کے بیٹر اولی پوپ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین کا ٹیم میں نا ہونا اچھا ہے لیکن یہ ہمارے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا۔
راولپنڈی میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں اولی پوپ نے کہا کہ شاہین کے علاوہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کے ساتھ دیگر بولرز بھی کافی اچھے ہیں، پاکستانی ٹیم کے پاس اچھے اور تیز بولرز موجود ہیں، ان کے اسپنرز کو کھیلنا بھی مشکل ہے۔
اولی پوپ کے مطابق پاکستان میں ریورس سوئنگ کا کردار اہم ہوگا، یہ ہمارے لیے چیلنج بھی ہے، امید ہے ہم ریورس سوئنگ کا اچھی طرح مقابلہ کریں گے، پہلی بار پاکستان میں کھیل رہا ہوں، کوشش ہے کہ کنڈیشن سے جلد ہم آہنگ ہوں، انفرادی گول نہیں بس خواہش ہے کہ ٹیم کی جیت میں کردار ادا کروں۔
کرکٹر نے پاکستان کی سکیورٹی سے متعلق کہا پاکستان آکر اچھا لگ رہا، سکیورٹی زبردست ہے، سہولیات اعلیٰ ہیں۔
انگلش بیٹر کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے میچز میں اسکور کیے ہیں جس کی وجہ سے اعتماد محسوس کررہا ہوں،کوشش ہوگی کہ اپنی فارم کا سلسلہ جاری رکھوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں بھی جارحانہ کرکٹ ہی کھیلیں گے، دنیا کو معلوم ہوچکا ہے کہ اب انگلینڈ کیسی کرکٹ کھیل رہی ہے، یہاں کی پچز پر جارح مزاجی کے ساتھ ساتھ دیکھ کر کھیلنا ہوگا۔
انٹرویو میں اولی نے کہا کہ ساتھیوں نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی میں یہاں زبردست کراؤڈ تھا، چاہتا ہوں کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی میدان تماشائیوں سے بھرا ہوا ہو۔