Time 28 نومبر ، 2022
پاکستان

سپریم کورٹ ریکوڈک منصوبے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلہ اگلے ہفتے سنائے گی

ریکوڈک منصوبے میں تمام تر ماحولیاتی تحفظات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے: وکیل مخدوم علی خان— فوٹو:فائل
ریکوڈک منصوبے میں تمام تر ماحولیاتی تحفظات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے: وکیل مخدوم علی خان— فوٹو:فائل

سپریم کورٹ ریکوڈک منصوبے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلہ اگلے ہفتے سُنائے گی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کی۔ 

ریکوڈک منصوبے کے ماحول دوست ہونے کے عدالتی سوالات پر وکیل مخدوم علی خان نےکہا کہ ریکوڈک منصوبے میں تمام تر ماحولیاتی تحفظات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے، عدالت نے ریکوڈک منصوبے کے لیے استعمال ہونے والے پانی کا سوال کیا تھا، کمپنی جو پانی استعمال کرے گی وہ جانداروں کے استعمال کے قابل نہیں، پائپ لائن سے جانے والا پانی گوادر بندرگاہ پر صاف ہونے کے بعد سمندر میں جائے گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کیا سمندر کا پانی ریکوڈک تک لا کر استعمال نہیں ہو سکتا؟ جس پر مخدوم علی خان نے کہا کہ ریکوڈک سے گوادر 680 کلومیٹر ہے، روزانہ پانی لانا ناممکن ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل بولے کہ پروجیکٹ میں مسلسل پانی کے استعمال سے بلوچستان میں خشک سالی ہو سکتی ہے۔

مخدوم علی خان نے بتایا کہ تحقیق کے مطابق ریکوڈک میں پانی کا ذخیرہ منصوبے کی مجموعی زندگی سے زیادہ ہے، لوکل لیبر قوانین ہی ریکوڈک کان کے ملازمین پر لاگو ہوں گے، اقوام متحدہ اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے اقدار کی پابندی کی جائے گی۔

سماعت کےدوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ رواں ہفتے جمعرات تک سماعت مکمل کر لیں گے، 5  دسمبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں مختصر فیصلہ سنادیاجائے گا۔ کیس کی مزید سماعت 29 نومبر کو ہو گی۔ 

مزید خبریں :