Geo News
Geo News

Time 28 نومبر ، 2022
دلچسپ و عجیب

ہر ایسکیلیٹر کی سیڑھیوں پر عجیب سی لکیریں کیوں بنی ہوتی ہیں؟

کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو
کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو

آپ نے ایسکیلیٹر پر سفر تو کیا ہوگا مگر کیا کبھی اس سوال نے پریشان کیا کہ اس کی سیڑھیوں پر ابھری ہوئی لکیریں یا نالیاں سی کیوں ہوتی ہیں؟

دنیا میں ہر جگہ ایسکیلیٹر پر اس طرح کی عجیب سی لکیریں موجود ہوتی ہیں اور اس کی وجہ سے سیڑھیاں بالکل مختلف نظر آتی ہیں۔

یہ کسی ڈیزائنر کا خیال نہیں تھا بلکہ اس بڑی ڈیوائس کا بہت اہم عنصر ہے۔

موسم خزاں اور سرما کے دوران ایسکیلیٹر کی سیڑھیوں پر بہت زیادہ پانی جمع ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں پھسلنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مسافروں کو انجری سے بچانے کے لیے ایسکیلیٹر کی سیڑھیوں پر یہ لکیریں موجود ہوتی ہیں۔

اس کے نتیجے میں مسافروں کے جوتے ایسکیلیٹر کی سیڑھیوں پر پھسلتے نہیں۔

اس ڈیزائن کی ایک اور وجہ بھی ہے۔

جب لوگ ایسکیلیٹر پر سفر کرتے ہیں تو مختلف چیزیں جیسے استعمال شدہ ٹکٹ، ٹافیاں یا دیگر متحرک سیڑھیوں پر گرجاتی ہیں۔

اگر یہ سیڑھیاں ہموار ہوں تو یہ کچرا ایسکیلیٹر کے پلیٹ فارم کے نچلے یا اوپری حصے کے نیچے موجود کومپ پلیٹ میں پہنچ کر ڈیوائس کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

مگر اس سیڑھیوں کے منفرد ڈیزائن کی وجہ سے یہ کچرا ایسکیلیٹر کے باہر فرش پر پہنچ جاتا ہے۔