Time 29 نومبر ، 2022
کھیل

برطانوی ہائی کمشنر بھی انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کے دورہ پاکستان کیلئے پُرجوش

فوٹو: ارفع فیروز
فوٹو: ارفع فیروز

شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کے دورہ پاکستان کے لیے پرجوش ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے دورہ پاکستان پر پرجوش ہوں، حال ہی میں دو بہترین ٹیموں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل کھیلا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیسٹ کرکٹ پسند ہے،تینوں ٹیسٹ میچوں کے لیے پرجوش ہوں، جیمز اینڈرسن واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی نقصان دہ ہوگی،ان کی کرکٹ میں جلد واپسی کے لیے دعا گو ہوں۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ بابراعظم اور دیگر کھلاڑی کرکٹ کے سفیر ہیں، پاکستانی اور برطانوی عوام کی رگوں میں کرکٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور برطانوی ہائی کمیشن نے بھی سیلاب زدگان کیلئے عطیہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انگلینڈ سے بھی شائقین کرکٹ ٹیسٹ سیریز دیکھنے پاکستان آرہے ہیں، جلد برطانیہ کی ویمن کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔

یاد رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ نو دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔

مزید خبریں :